پاکستان کے خلاف سیریز: آسٹریلیا اہم پیس ہتھیاروں سے محروم
پاکستان کے خلاف میدان سنبھالنے سے قبل ہی آسٹریلیااہم پیس ہتھیاروں سے محروم ہوگیا۔آسٹریلیا کی پہلے سے ہی کمزور سائیڈ کیلئے بری خبر یہ ہے کہ وہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات میں اکتوبر میں شیڈول سیریز میں2اہم فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ کے بغیر میدان سنبھالے گی، دونوں کمر کی تکالیف میں مبتلا اور جنوبی افریقہ میں مارچ میں کھیلی گئی سیرسیز کا بھی حصہ نہیں تھے، وہاں سامنے آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد کینگروز اپنے کپتان اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کی خدمات سے محروم ہوچکے ہیں۔اس عرصے میں انھیں انگلینڈ میں محدود اوورز کے مقابلوں میں وائٹ واش اور پھرزمبابوے میں کھیلی جانے والی ٹوئنٹی 20ٹرائنگولر سیریز میں پاکستان کے ہاتھوں 2مرتبہ شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ٹیم فزیو ڈیوڈ بیکلے نے کہاکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈکمر کی تکالیف سے نجات حاصل نہیں کرپائے، بدقسمتی سے ان کی فٹنس کا لیول اتنا نہیں جتنااکتوبر میں یو اے ای میں شیڈول سیریز کیلئے درکار ہے۔ البتہ ہمیں امید ہے کہ یہ دونوں ڈومیسٹک ون ڈے کپ میں لوٹیں گے،پھر نومبر میں جنوبی افریقہ سے ہوم ون ڈے سیریز کیلئے دستیاب ہوں گے۔تین میچز کی یہ سیریز 4نومبر سے پرتھ میں شروع ہوگی جس کے بعد بھارت کے خلاف آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈز پر 3ٹوئنٹی 20، 4ٹیسٹ اور 3ون ڈے میچز کھیلنے ہیں تاہم اب پاکستان سے سیریز کیلئے آسٹریلوی پیس اٹیک کا بوجھ مچل اسٹارک کے کندھوں پر ہوگا، اگرچہ وہ بھی بعض معمولی انجریز سے دوچار ہیں، مگر ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل مکمل فٹ ہوجائیں گے۔