بھارتی ہائی کمشنر کی پی ٹی آئی کے سربراہ اور نامزد وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات

Aug 10, 2018 | 17:29

بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے پی ٹی آئی کے سربراہ اور نامزد وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر بھارتی صدر کی جانب سے مبارکباددی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز جمعہ کو بنی گالہ میں ہونے والی اس ملاقات میں بھارتی ہائی کمشنر نے عمران خان کو بھارتی قیادت کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا ۔ ملاقات میں پاک بھارت تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی،نعیم الحق اور بھارت کی جانب سے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی شریک تھے ۔بھارتی سفیر نے پاکستان میں نومنتخب حکومت کیساتھ تعاون ،اشتراک میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کر دیا ، اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے بھارتی صدر کی جانب سے تہنتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پربھارتی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل انتخابات 2018 میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی عمران خان سے رابطہ کیا تھا۔بھارتی وزیر اعظم نے عمران خان کو ٹیلی فون کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز کے عزم کا اظہار کیا تھا۔نریندر مودی نے عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی اور نیک تمناوں اور خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، تاہم معاملات آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔دوسری جانب عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے بھارت کے سابق کرکٹرز کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کو مدعو کر لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا ہے کہ تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔

مزیدخبریں