اسلام آباد ہائیکورٹ میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دیدیا گیا
اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئندہ ہفتے کے لیے ججز کا روسٹر جاری کردیا گیا ہے۔ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کے لیے ایک بار پھر بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل بنچ سماعت کرے گا۔ جسٹس عامرفاروق کے موسم گرما کی تعطیلات پر جانے کے باعث بنچ ٹوٹ گیا تھا۔ اس سے پہلے جسٹس محسن اختر کیانی بھی موسم گرما کی تعطیلات کے باعث رخصت پر چلے گئے تھے جس کے باعث بینچ ٹوٹ گیا تھا۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کرنے والا یہ تیسرا بنچ ہے۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزاکی معطلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔