مسجدمیں شوٹنگ کامعاملہ ، گلوکار بلال سعید نے معافی مانگ لی
لاہور کی مسجد وزیر خان میں گانے کی ریکارڈنگ کے معاملے پراداکارہ صبا قمر کے بعدگلوکار بلال سعید نے بھی معافی مانگ لی ۔ تفصیلات کے مطابق گلوکار بلال سعید نے اپنے نئے گانے ’قبول ‘ کی ویڈیو کیلئے مسجد وزیر خان میں گانے کی عکس بندی پر تنقید کا سامنا کرنے کے بعد اسے گانے کی ویڈیو میں شامل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے بلال سعید نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ پچھلے کچھ دنوں میں جو کچھ ہوا ہے اس سے آپ کے جذبات کو گہری چوٹ پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت مسلمان ، مہذب انسان اور فنکار کی حیثیت سے ، کبھی بھی اسلام یا کسی دوسرے مذہب، نسل، ذات، رنگ یا مسلک کی توہین اور رسوائی نہیں کریں گے۔ اگر ہم نے انجانے میں کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے تو ہم دل سے آپ سے معافی مانگتے ہیں۔ بلال سعید نے ویڈیو بیان میں کہا کہ مسجد میں نکاح کے مناظر فلمائے گئے تھے لیکن غلط فہمی کی بنا پر سمجھا گیا کہ ہم نے مسجد میں موسیقی چلائی اور اس پر رقص کرکے اس کے تقدس کو پامال کیا۔ الحمدللہ میں بھی مسلمان ہوں اور میری تربیت ایک مسلمان گھرانے میں ہوئی ہے میں ایسی کام کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ بلال سعید نے صبا قمر اور ٹیم کی جانب سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے انجانے میں کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے تو ہم دل سے آپ سے معافی مانگتے ہیں۔بیان میں گلوکار نے یہ بھی کہا کہ خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ ہم نے مسجد میں موسیقی نہیں چلائی اور نہ ہی وہاں رقص کیا۔ وہاں موجود مسجد کی انتظامیہ بھی اس کی گواہ ہے. ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک کلپ کی وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوئی، ہم سے انجانے میں غلطی ہوئی اور انسانوں سے غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ میں ، صبا قمر اور ہم سب اللہ تعالیٰ سے معافی مانگتے ہیں۔ براہ کرم جاری کئے گئے ویڈیو بیان کو میری، صبا قمر اور باقی ٹیم کی جانب سے پُر خلوص معافی سمجھا جائے۔ اس سے قبل اداکارہ صبا قمر نے بھی سوشل میڈیا پر عوام سے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ مسجد میں صرف میوزک کے بغیر نکاح کا سین شوٹ کیا گیا۔ وہ مقدس مقام کی بے حرمتی کا تصور بھی نہیں کر سکتیں۔