حب ڈیم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ،گنجائش11فٹ رہ گئی
حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور ڈیم میں صرف 11فٹ گنجائش رہ گئی ۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلابی بہائو کم نہ ہوسکا، بولان، سبی، کوہلو، مکران سمیت حب میں سینکڑوں لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے، ریسکیو کے مراحل میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ مصروف ہے۔ایری گیشن حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور ڈیم میں صرف 11فٹ گنجائش رہ گئی ، حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح 328فٹ تک پہنچ گئی ہے، ڈیم میں سیلابی ریلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، 339فٹ کے بعد پانی کا اخراج اسپیل وے سے شروع ہوگا۔دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ کوئٹہ کا زمینی رابطہ دوسروں اضلاع سے منقطع ہونے کی وجہ سے کوئٹہ ٹو سبی شٹل ٹرین کا آغاز کردیا گیا، شٹل ٹرین سروس کوئٹہ ٹو سبی اور سبی سے کوئٹہ کے لئے مسافروں کی سہولت کے لئے شروع کی گئی جبکہ سیلابی صورتحال اور زمینی رابطہ کی بحالی تک شٹل ٹرین سروس جاری رہے گی۔