چمن: مال روڈ پرموٹرسائیکل میں نصب بم دھماکہ ،5افراد جاں بحق ،17زخمی
صوبہ بلوچستان کے علاقہ چمن کے مال روڈ پرموٹرسائیکل میں نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 17افراد زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتا ل چمن منتقل کردیا گیا ۔ ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے طبی اور غیر طبی عملے کو فوری طور پر طلب کر لیا ۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں سے انسداد منشیات فورس کی گاڑی گزر رہی تھی۔ نامعلوم دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے زیر تعمیر دفتر کے سامنے موٹر سائیکل میں نصب کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعدد موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور دُکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ دھماکہ کے نتیجہ میں قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا، دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ پولیس ، ایف سی اور لیویز کی اضافی نفری بھی مال روڈ پہنچ گئی ہے اور علاقہ کو گھیرے میں لے کر دھماکہ کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے چمن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردچمن کاامن تباہ کرناچاہتے ہیں، باڑکی تنصیب ناپاک عزائم کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔