صوبہ پنجاب میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری
پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2022-23 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے دوسرے اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 2ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 3 ارب 29کروڑ 90لاکھ 98ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبداللہ خان سنمبل نے کی۔ صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں راولپنڈی میں موہڑہ شیرا ڈیم کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 12 کروڑ 85 لاکھ 42 ہزار روپے اور نشتر ہسپتال ملتان میں پی ای ٹی سکین اور سائکلوٹرون مشین کی فراہمی کیلئے 2 ارب 17 کروڑ 5 لاکھ 56 ہزار روپے شامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر محمد انور سہیل چوہدری سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔