سعودی عرب اور یمن کے راضی ہونے پر ہم دونوں برادر ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتے ہیں :شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور یمن کی جانب سے قابل قبول ہونے کی صورت میں تنازع کے حل کے لئے ہم دونوں برادر ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ پاکستان نے ہمیشہ مسلم امت کے مابین امن و مفاہمت کے لیے کوششیں کی ہیں اس امر کا اظہار انہوںنے پیر کو قومی اسمبلی میں ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو کے سوال کے تحریری جواب میں کیا ہے وزیر خارجہ نے کہا کہ پارلیمینٹ کی 10اپریل 2015کی قرارداد کی کڑی میں یمن تنازعے کے حل میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کی وزیر اعظم نے 28اکتوبر 2018کو اپنے خطاب میں پیش کش کی ہے پاکستان کے عالم اسلام کے تمام ممالک کے ساتھ قریبی اور دلی تعلقات ہیں ہم اس پر یقین رکھتے ہیں کہ یمن تنازعے کے حل کے لیے تمام جماعتوں کے مابین تنازعے پر بین الیمنی مذاکرات کرائے جائیں ۔ پاکستان نے ہمیشہ مسلم امت کے مابین امن و مفاہمت کے لیے کوششیں کی ہیں اس ضمن میں اپنی کوششیں جاری رکھے گا دونوں جانب سے قابل قبول ہونے کی صورت میں ہم دو برادرانہ ممالک کے درمیان ثالثی کر سکتے ہیں۔