بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے ، ڈاکٹر شیریں مزاری
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ ہمیں اب مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو جو استصواب رائے اور حق خودارادیت دیا تھا اس کے حصول کی جدوجہد میں کشمیریوں کی بڑی جانیں اور زندگیاں گئی ہیں اور ان کی کئی نسلیں بھی تباہ ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے حال ہی میں شائع شدہ رپورٹ میں کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے واضح طورپر بتایا گیا ہے جس سے کشمیر کے مسئلہ نے دوبارہ عالمی سطح پر نمایاں توجہ حاصل کرلی ہے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازعہ سے کشمیری خواتین بری طرح متاثر ہوئی ہیں اس لیے ہمیں عالمی برادری کو اس مسئلہ میں شامل کرلینا چاہئیے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کی جاسکے۔انہوں نے تشدد کا شکار افراد کے لیے اسلام آباد میں بحالی مرکز میں کمپیوٹر لیب کے قیام کا علان کیا۔