آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی و شمالی علاقہ جات میں موسم صاف لیکن سرد ہے

۔محکمہ موسمیات نے آج مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔گلگت بلتستان کے بلندو بالا پہاڑ ہوں یا آزاد کشمیر کی وادیاں،گزشتہ تین روز سے اکثر مقامات پر سورج اپنی کرنیں بکھیر رہا ہے۔آج بھی موسم صاف ہے لیکن سرد ہواؤں نے ان علاقوں میں اب بھی ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں بھی مطلع صاف ہے۔کالام اور مالم جبہ میں بعض شاہراہوں پر جمی برف نہیں ہٹائی جاسکی ہے جس سے شہری اورسیاح مشکلات کا شکارہیں۔بلوچستان کے علاقوں چمن، پشین، لورالائی، نصیرآباد اور جعفرآباد سمیت قبائلی علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے البتہ سندھ اور پنجاب میں سردی میں کچھ کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔ گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔جبکہ اسکردو،کالام اور پارہ چنار میں منفی گیارہ اور گوپس میں منفی آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔