ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ 4شروع ہونے میں5دن باقی
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ فور کے آغاز میں پانچ دن باقی رہ گئے۔ ٹیموں اور کھلاڑیوں کی دبئی آمد شروع ہوگئی۔ یو اے ای اور پاکستان کے پانچ وینیوز پر چھ ٹیمیں چونتیس میچز کھیلیں گی۔ چودہ فروری کو رنگارنگ افتتاحی تقریب کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندر کے میچ سے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ فور کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔ یو اے ای میں کرکٹ میلے کی رونقیں عروج پرپہنچ گئیں۔ ٹیموں اورکھلاڑیوں کی دبئی آمد اور پریکٹس شروع ہو گئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمدسمیع، فاسٹ بولر رومان رئیس اور انگلینڈ کے سمت پٹیل دبئی پہنچ گئے۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، کامران اکمل، عمید آصف، عمر امین اور دیگر پلیئرز نے ٹریننگ کا آغاز کر دیاہے۔ لاہور قلندر کے نئے کپتان محمد حفیظ نے دورہ جنوبی افریقہ کے بعد ٹیم کو دبئی میں جوائن کر لیا۔ چودہ فروری سے سترہ مارچ تک ایچ بی ایل پی ایس ایل فور میں پانچ سینٹرز پر چھ ٹیمیں چونتیس میچز میں ٹرافی کے لیے نبرد آزما ہوں گی۔ یو اے ای میں دبئی اور ابوظہبی کے ساتھ اس بار شارجہ بھی میزبان شہروں میں شامل ہے۔ کراچی اور لاہور میں بھی آٹھ میچزکھیلے جائیں گے۔ دبئی میں مجموعی طور پر چودہ میچز ہوں گے۔ شارجہ اسٹیڈیم آٹھ میچوں کی میزبانی کرے گا۔ ابوظہبی میں چار میچز منعقد ہوں گے۔ کراچی فائنل سمیت پانچ اور لاہور تین میچوں کی میزبانی کریں گے۔ چودہ فروری کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ جس کے بعد دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اورلاہورقلندر افتتاحی میچ میں مدمقابل ہوں گے