پاکستان اور چین کااقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق
پاکستان اور چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے روشن مستقبل اور اس کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق کیا ہے۔وزرات منصوبہ بندی' ترقی اور اصلاحات کے ترجمان نے بعض ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ایک خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا کوئی بھی منصوبہ تاخیر کا شکار نہیں ہے۔ترجمان نے مزید کہاکہ حال ہی میں بیجنگ میں منعقد ہونے والے مشترکہ تعاون کمیٹی کے آٹھویں کامیاب اجلاس نے اقتصادی راہداری منصوبے کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سماجی و اقتصادی اور صنعتی ترقی اور زراعت میں تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔وزارت کے ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور چین نے علاقائی روابط کے فروغ اور اقتصادی راہداری میں گوادر کی مرکزی اہمیت کوتسلیم کرتے ہوئے بندرگاہ اور اس سے وابستہ منصوبوں پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیاہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین نے زراعت کے شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دیا ہے اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی' آبی انتظام' جنگلات اورآ لودگی سے پاک ماحول کی بحالی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔