بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 10 شہری زخمی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی فوج نے جندروٹ اور نکیال سیکٹر پر مارٹروں سے گولہ باری کی اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزیوں کے نتیجے میں ضلع کوٹلی میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع دیہات جبار، سندھڑا، سنبل گلی اور دبسئی کی 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 10 شہری شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کیلئے قریبی طبی مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دیا گیا ہے، اور ان تمام بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستانی علاقوں میں فائرنگ کر کے شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا تھا۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے ایک بھارتی فوج ہلاک اور ایک بھارتی میجر سمیت 3 بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی نقصان پہنچا۔