جیل انتظامیہ ہر جیل میں ڈسپلن اور قیدیوں کے حقوق کے درمیان تناسب قائم رکھے: فیاض الحسن چوہان
وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی زیر صدارت منسٹرز بلاک کمیٹی روم میں محکمہ جیل خانہ جات کا اجلاس ہوا جسمیں ڈی آئی جی لاہور ریجن نوید روف اور لاہور ریجن کی تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹ حضرات نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ جیلوں میں کینٹینوں کی صورتحال، قیدیوں اور جیل ملازمین کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے پنجاب کی تمام جیلوں کے زیر انتظام سرکاری اراضی کی تفصیلات طلب کر لیں۔ مذکورہ اراضی کو جیلوں میں استعمال کے لیے گندم، چاول اور سبزیوں کی کاشت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کینٹینوں پر گراں فروشی اور ٹھیکوں کے عمل میں شفافیت کے حوالے سے اقدامات زیر غور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جیلوں میں پی سی اوز اور ہفتہ وار کالز کی تعداد بڑھائے جانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔اس اقدام سے قیدیوں کو سہولت کے ساتھ جیل ریونیو میں اضافہ بھی متوقع ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جیل انتظامیہ ہر جیل میں ڈسپلن اور قیدیوں کے حقوق کے درمیان تناسب قائم رکھے۔ قیدیوں کو بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔