پاکستان ایک پرکشش کاروباری اور سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر ابھر رہا ہے،صدرمملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہےکہ پاکستان ایک پرکشش کاروباری اور سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر ابھر رہا ہے، پاکستان نے ملک کے کاروباری ماحول میں بہتری لانے کے لیے مختلف اصلاحات متعارف کرائی ہیں، غیر ملکی تاجر ملک کے سرمایہ کار دوست کاروباری نظام سے فائدہ اٹھائیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار برونائی دارالسلام کے نامزد ہائی کمشنر، الجزائر اور یونان کے سفیروں اور موریطانیہ اور البانیہ کے نامزد غیر مقیم سفیروں سے ایوان صدر میں بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے جمعرات کو الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ برونائی دارالسلام کے نامزد ہائی کمشنر پینگیران عبدالصمد بن پینگیران حاجی میتاسان، الجزائر کے نامزد سفیر براہیم رومانی، یونان (ہیلینک ریپبلک) کے کونسٹنٹینوس مواتس، موریطانیہ کے محمد والباہ اور البانیہ کے نامزد سفیر کسٹریوٹ روبو نے ایک تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔ صدر مملکت نے نئے سفیروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وہ دوست ممالک کے ساتھ معاشی، تجارتی اور ثقافتی تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسانیِ کاروبار سے غیر ملکی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب ملے گی، پاکستان معاشی ترقی کیلئے اپنے منفرد جیو اکنامک محل وقوع کو بروئے کار لانے پر توجہ دے رہا ہے، پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ تجارتی حجم بالخصوص برآمدات بڑھانے کاخواہاں ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دوست ممالک کے ساتھ وسیع البنیاد اور بامعنی تعاون کیلئے ادارہ جاتی فریم ورک کی ضرورت ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ حل کرنے میں مدد کرے۔ صدر مملکت نے غیر ملکی سفراء کو افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ عالمی برادری افغانستان کے لوگوں کو انسانی تباہی سے بچانے کے لیے ان کی مدد کرے۔