پنجاب بار کونسل اور لاہور بار کی جانب سے نصراللہ وڑائچ کے قتل کیخلاف آج مکمل ہڑتال، وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ ۔

گزشتہ روزسینئیروکیل اورپاکستان بارکونسل کےسابق ممبر نصراللہ وڑائچ کو نامعلوم افراد نے لاہور کے علاقے گلشن راوی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جس پر پنجاب بار اور لاہور بار کی جانب سے مکمل عدالتی بائیکاٹ کی اپیل کی گئی۔ بار ایسوسی ایشنز کی اپیل پر ماتحت عدالتوں میں وکلاء نے مکمل عدالتی بائیکاٹ کررکھا ہے جبکہ لاہور ہائیکورٹ میں جزوی ہڑتال ہے۔ مقامی عدالتوں میں وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے جبکہ ہائیکورٹ میں وکلاء بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر صرف اہم مقدمات میں عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔ دوسری جانب کراچی کی عدالتوں میں بھی نصراللہ وڑائچ کے قتل کے خلاف وکلاء کے عدالتی بائیکاٹ کے باعث سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ عدالتی امور بھی ٹھپ ہوکررہ گئے ہیں۔