برازیل میں مٹی کا تودے گرنے سے آٹھ افراد ہلاک جبکہ متعدد مکانات منہدم ہوگئے۔

جنوب مشرقی برازیل کے پہاڑی علاقے میں تیز بارش کے بعد مٹی کا تودہ گرنے سے متعدد مکانات منہدم ہو گئے۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا تاہم کسی کو بھی زندہ نہیں بچایا جا سکا۔ امدادی ٹیموں کے مطابق ملبے تلے دبنے سے آٹھ افراد ہلاک اور تیرہ کے قریب لاپتہ ہوگئے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ دوسری جانب برازیل کے صدر ڈیلما روسیف نے مختلف وزراء سے ملاقات کرنے کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ جیسے واقعات سے نمٹنے کیلئے ایک ٹاسک فورس تشکیل دینے کا اعلان کر دیا۔