ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم قاتلانہ حملے میں شہید ہو گئے۔ واقعے میں قافلے میں شامل دو اہلکار شہید،جبکہ چار اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہو گئے ۔ کالعدم تحریک طالبان نے واقعےکی ذمے داری قبول کرلی۔
ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم دہشت گردوں کی جانب سے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ نیول کالونی میں واقع اپنے گھر سے دفتر جارہے تھے جوں ہی چوہدری اسلم کا قافلہ غریب آباد کے قریب واقع لیاری ایکسپریس پر پہنچا تو ان کے گاڑی کے قریب زور دار دھماکہ ہوا ۔جس کے نتیجے میں ایس پی سی آئی ڈی کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس کے پرزے کئی میٹر تک بکھر گئے واقعہ میں چوہدر ی اسلم اور ان کے دو محافظ فرحان اور کامران موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا،،،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز، بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ ذرائع کے مطابق لیاری ایکپریس وے پل پر نصب بم سے دھماکا کیا گیا تھا جس میں پندرہ کلو سے زائد دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا تاہم جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات کی جارہی ہیں۔