کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ دیگر واقعات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
ماڑی پور تھانے کی حدود میں واقع مشرف کالونی میں پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کے محاصرے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو ہلاک کر دیا جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے کا تعلق جرائم پیشہ گروپ سے تھا۔ ملزم سے پستول بھی برآمد ہوا ہے۔ بفرزون کے علاقے سیکٹر16میں فائرنگ سے چالیس سالہ شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ گلستان جوہر بلاک 17میں 16سالہ لڑکی اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی۔ اس کے گلے میں پھندہ لگا ہوا تھا۔ پولیس خودکشی اور قتل کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے۔