وزیر اعظم کے زیر صدارت اعلی سطح اجلاس میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق تمام مشکلات دور کرنے کا فیصلہ
vوزیراعظم عمران خان کی صدارت میں بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس میں ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے میں پیشرفت کاجائزہ لیاگیا ۔سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین نے وزیراعظم کو کاروبار میں آسانی سے متعلق مختلف اشاریوں میں پیشرفت کے بارے میں بتایا ۔انہوں نے بتایا کہ آڈٹ میں کمی کیلئے رسک مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ٹیکس ادائیگیوں کی تعداد کے مسئلے پر اجلاس کو بتایاگیا کہ ٹیکس ادائیگیوں کی تعداد 47 سے کم کرکے اکیس کردی گئی ہے ۔کاروبارشروع کرنے میں آسانی کے بارے میں وزیراعظم کو بتایاگیا کہ پنجاب میں صوبائی اداروں اور EOBI سے سیکورٹی ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کا اشتراک مکمل ہوگیا ہے اور سندھ میں پورٹل کے آغاز کی کوششیں تیز کی جارہی ہیں۔بجلی حاصل کرنے میں آسانی کے بارے میں وزیراعظم کو بتایاگیا کہ کاروبار کیلئے بجلی اور معلومات کی بروقت فراہمی میں سہولت کیلئے نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔قرضوں کے حصول کے سلسلے میں اجلاس کو بتایاگیا کہ اس ماہ کے آخر میں ایک رجسٹرارمقررکیاجائے گا اوروزارت خزانہ رقم کی محفوظ منتقلی کے ایکٹ کے تحت قواعدوضوابط کوحتمی شکل دے رہی ہے۔سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین نے اجلاس کو سرحد پار تجارت میں سہولت اور درآمدات اور برآمدات کی کلیئرنس کا وقت کم کرنے کیلئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا ۔انہوں نے SECPاور EOBI کی صوبائی پورٹل سے اشتراک میں مختلف مسائل کی نشاندہی بھی کی جن میں سے زیادہ مسائل صوبہ سندھ کے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں کاروبار میں سہولت سے متعلق مسائل کے حل پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت پر زوردیا کیونکہ کراچی ملک کا کاروباری مرکز ہے۔سرمایہ کاری میں سہولت کے حوالے سے ہونے والے مختلف مثبت اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ چین کے ساتھ صنعتی تعاون کے بارے میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کاروبار میں سہولت کے اجلاس باقاعدگی سے وزیراعظم کی صدارت میں ہوں گے جن میں وزرائے اعلی اور صوبائی چیف سیکرٹری شرکت کریں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ رکاوٹیں دورکرنے اور سرمایہ کاروں کو اپنا کاروبار خوش اسلوبی سے چلانے میں سہولت دینے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر کاروبار میں سہولت کے دفاتر قائم کیے جائیں گے