بھارتی آرمی چیف کا ایل اوسی پر پاکستان کی جاسوسی کا اعتراف
نئی دہلی : بھارتی آرمی چیف نےلائن آف کنٹرول پرجارحیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کی جاسوسی کے لئے کواڈ کاپٹرز بھیجتے ہیں اور ایل اوسی پر بھی فائرنگ کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے ایل اوسی پرجاسوسی کا اعتراف کرلیا، نئی دہلی میں پریس کانفرنس میں انھوں نے تسلیم کیا کہ پاکستانی حدودمیں کواڈ کاپٹرزجاسوسی کے لئے بھیجتے ہیں، پاکستانی فوج نے ہمارے دو کواڈ کاپٹرزمارگرائے ہیں۔ بپن راوت نے یہ بھی مان لیا کہ بھارتی فوج ایل اوسی پرفائرنگ کرتی ہے، پاکستان کی جانب شہری آبادی ایل اوسی کے قریب ہے۔ یاد رہے گذشتہ روز بھارتی فوج نے ایل اوسی، شاہ کوٹ سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی ، جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید ہو گئیں تھیں۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی فوج پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا ’بھارتی فوج کا غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل جاری ہے۔‘