نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،انہیں ہنر مند بنانا وزیراعظم کا مشن ہے۔فردوس عاشق اعوان
وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔عمران خان نوجوانوں کی امید ہیں ،انہیں ہنر مند بنانا وزیراعظم کا مشن ہے۔30 ارب روپے کا ہنر مند پاکستان پروگرام نوجوانوں کی ترقی اور انہیں باصلاحیت بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم و تربیت اور ٹیکنالوجی کی مہارت سے لیس کرکے عصری تقاضوں کے ہم پلہ بنائے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 70 مدارس میں ہنرمند بنانے اور فنی تعلیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔پہلی حکومت ہے جو مدارس کے بچوں کے لئے مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں تکنیکی وفنی مہارت سے بھی آراستہ کرے گی۔ اس طرح ان نوجوانوں کو روزگار کے یکساں مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکریڈیشن کونسل کا قیام ملک میں پیشہ ورانہ تربیت کے معیار میں اہم ثابت ہوگا۔پیشہ ورانہ تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے 75 سمارٹ کلاس رومز اور دوست ممالک کے تعاون سے 5 سنیٹرز آف ایکسیلینس قائم کیے جائیں گے۔