بجلی بریک ڈاؤن: کراچی میں پانی کے بحران کا خدشہ
کراچی: ملک میں گذشتہ شب ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن نے ملک میں نظام زندگی کو بری طرح متاثر کردیا ہے، بجلی کی عدم فراہمی کے نتیجے میں کراچی کو پانی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے ہونے والے بریک ڈاؤن کا مرحلہ وار بحالی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے تاہم کراچی کو پانی کی ضروریات فراہم کرنے والی دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بحال نہ ہوسکی ہے، بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کےتمام انیس پمپ بند پڑے ہیں، جس کے باعث کراچی کو تین کروڑ گیلن سے زائدپانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ پانی کی فراہمی معطل ہونے سے کراچی میں پانی بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔