مری میں، دل خراش اور اندوہ ناک سانحہ ہوا، 23 افراد کی موت کی سوفیصد حکومت ذمہ دارہے، قوم انہیں معاف نہیں کرے گی: شہباز شریف
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اسپیکر نے سانحہ مری پر بحث کا اعلان کیا تو قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 23 افراد کی موت کی سوفیصد حکومت ذمہ دارہے، قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ مری میں، دل خراش اور اندوہ ناک سانحہ ہوا، بیس گھنٹے ہزاروں لوگ گاڑیوں میں پھنسے رہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، معصوم بچے، نوجوان اور بزرگ خواتین دم توڑ گئیں، کیا یہ کوئی حادثہ تھا یا کسی کی مجرمانہ غفلت تھی، وہاں پر کوئی انتظام نہیں تھا اور ادارے موجود نہیں تھے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ لوگ مدد کے لیے آسمان کی طرف دیکھتے رہے، بتایا جائے سیف سٹی اسلام آباد کے کیمرے بھی لگے ہوئے ہیں انہیں چیک کیوں نہیں کیا گیا؟ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا لیکن کوئی انتظام کیوں نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مری میں رش پہلی بار تو نہیں ہوا، اس بار لوگوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کیا تو کس طرح بدترین مجرمانہ غفلت ہوئی، سیر و، تفریح اور خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، اس پر انتظامیہ کہتی ہے کہ وہ تیار نہیں تھی، اگر انتظامیہ تیار نہیں تھی تو استعفی دے اور گھر جائے، عمران خان گھر جائیں ورنہ قوم آپ کو گھسیٹ کر باہر کردے گی۔