شریف برادران شروع سے ہی دو نمبری کے ماہر، کبھی ایک نمبر کام نہیں کیا: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہباز شریف شروع سے ہی دو نمبری کے ماہر ہیں، شریف برادران نے کبھی ایک نمبر کام نہیں کیا، کہ جو حکمران بے ایمان ہوگا اس کام میں برکت نہیں ہوگی، عمران خان جیسا سچا اور کھرا لیڈر پاکستان میں نہیں ملنا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے سمن آباد موڑ انڈر پاس اور کرکٹ سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع چودھری پرویزالہٰی کو میاں اسلم اقبال اور ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر، اراکین اسمبلی، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔چودھری پرویز الہٰی نے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 400 میٹر طویل سمن آباد انڈر پاس 2 ارب 3 کروڑ روپے کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، سمن آباد انڈر پاس بننے سے سمن آباد، گلشن راوی، توحید پارک، ملتان روڈ، چوبرجی، چوک یتیم خانہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی، سمن آباد کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر پر 66 کروڑ روپے لاگت آئے گی، کرکٹ گراؤنڈ بننے سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔