پیپلزپارٹی نے بھی وزیراعظم نوازشریف کے استعفے کا مطالبہ کر دیا

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم اپنے اثاثوں اور ذرائع آمدن کا جواز پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ رپورٹ کے بعد وزیراعظم عہدے پر براجمان رہنے کا اخلاقی جواز مکمل طور پر کھو چکے ہیں جس کے بعد انہیں فوری مستعفی ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے پانچ میں سے دو جج وزیراعظم کو مجرم قرار دے چکے ہیں جبکہ باقی تین ججوں نے مزید تحقیقات کا کہا تھا۔ جے آئی ٹی کی تحقیقات میں وزیراعظم کی دولت اور ذرائع آمدن میں خلا پایا گیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اس سے پہلے کے سپریم کورٹ نوازشریف کیخلاف باقاعدہ فیصلہ دے ان کے پاس استعفے کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں بچا۔ پیپلزپارٹی اس خیال کو مسترد کرتی ہے کہ موجودہ صورتحال جمہوریت نقصان پہنچا سکتی ہے۔ وزیراعظم سے استعفی مانگنے سے نظام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ درست سیاسی فیصلوں کے لیے وقت بہت کم ہے اس لیے وزیراعظم فوری مستعفی ہوں۔