شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز: احتساب عدالت کے جج نے مزید وقت مانگ لیا
اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کے فیصلے کے لیے سپریم کورٹ سے مزید وقت مانگ لیا۔
احتساب عدالت کی جانب سے مزید وقت کے لیے دائر کی گئی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔درخواست کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل بنچ آج کرےگا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 10 جون کو سماعت کے دوران احتساب عدالت کو شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز پر ایک ماہ میں (10 جولائی تک) فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے دی گئی مدت آج ختم ہو رہی ہے، تاہم اب تک صرف ایک (ایون فیلڈ پراپرٹیز) ریفرنس کا فیصلہ ہی سنایا جاچکا ہے، جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس ابھی زیرِ سماعت ہیں، یہی وجہ ہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے توسیع کی درخواست دائر کی گئی ہے۔