انٹرپول کے سابق سربراہ کی اہلیہ نے ادارے پر مقدمہ کرنے کا اعلان کردیا
انٹر پول کے سابق سربراہ کی اہلیہ گریس مینگ نے کہا ہے کہ وہ اپنے شوہر کو حراست میں لیے جانے میں ساز باز کرنے پر بین الاقومی پولیس آرگنائزیشن کے خلاف مقدمہ کررہی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق سربراہ انٹرپول مینگ ہونگ وے نے گزشتہ برس ستمبر میں چین کا دورہ کیا تھا جس کے بعد ان کی اہلیہ نے بتایا تھا کہ وہ لاپتہ ہوگئے ہیں۔ مینگ ہونگوے کی اہلیہ گریس مینگ نے کہا کہ انہوں نے ہیگ میں قائم عالمی عدالت برائے ثالثی میں مقدمہ کیا ہے، جو بین الاقوامی تنازعات کو حل کرنے کا دنیا کی قدیم ترین ادارہ ہے، انٹرپول میرے خاندان کا تحفظ کرنے اور ہمارے ساتھ تعاون کرنے میں ناکام ہوگئی اور ادارے نے اپنے رکن ملک چین کی بین الاقومی سطح کی غلط حرکت میں ساز باز کی۔ مینگ ہونگوے کو رواں برس 20 جون کو چین کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں سابق وزیر برائے پبلک سیکیورٹی کو 21 لاکھ ڈالر رشوت وصول کرنے کا مجرم ٹھہرایا گیا تھا اس وقت سے اب تک ان کی اہلیہ اور 2 بچوں کو فرانس میں سیاسی پناہ حاصل ہے جسے بیجنگ نے فرانس کے قانونی معاملات کا استحصال قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ گریس مینگ کا مزید کہنا تھا کہ ہیگ میں موجود ٹریبونل اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ میرے شوہر کی گمشدگی فرانس اور چین کے متعلقہ حکام کا معاملہ ہے یا انٹرپول نے بذات خود میرے خاندان سے متعلق ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی، انٹرپول نے اس بارے میں کچھ بولنے کی صورت میں انہیں دھمکایا۔