پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہواہے:عبدالرزاق دائود
وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہواہے جس سے عالمی منڈی میں اس کا حصہ بڑھ گیا ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیار ملبوسات کی برآمد میں 33فیصد اضافہ ہوا ہے، باسمتی چاول کی برآمد میں 20فیصد، سیمنٹ میں 46فیصد، ادویات میں 26فیصد، جوتوں میں 27فیصد اور اونی ملبوسات کی برآمد میں 18فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔مشیر تجارت نے کہا کہ عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے باوجود روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے برآمدات کا حجم 23ارب ڈالر تک محدود رہا۔انہوں نے کہاکہ کھاد کی قیمتوں میں بلاجوازاضافہ برداشت نہیں کیاجائے گا کیونکہ حکومت ملک کے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے مقامی کسانوں کے تحفظ کے لئے پُرعزم ہے۔تاہم انہوں نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس میںکمی کافیصلہ کیا ہے تاکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے کھاد کی تیاری کاعمل متاثر نہ ہوسکے۔مشیرتجارت نے واضح کیاکہ ٹیکس کی ادائیگی کے رجحان کو فروغ دیاجائے گا کیونکہ ملک میں کوئی بھی شخص اپناٹیکس ادا کرنے کو تیار نہیں ہے جو قومی اقتصادی ترقی کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔