وزارتِ داخلہ کو سنتھیا کیخلاف15جولائی تک درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارتِ داخلہ کو امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف15جولائی تک درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پیپلز پارٹی کے افتخار احمد کی درخواست پر کیس کی سماعت کرتے ہوئے فریقین کو15جولائی بروز بدھ کے دن 1بجے وزارتِ داخلہ میں پیش ہو کر بیان دینے کی ہدایت کی۔سماعت کے موقع پر سنتھیا ڈی رچی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ وزارتِ داخلہ 15جولائی تک اس معاملے کا فیصلہ کر کے عدالت کو آگاہ کرے۔دورانِ سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ نے وفاق کی طرف سے عبوری رپورٹ جمع کرا دی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار تو وزارتِ داخلہ میں پیش ہی نہیں ہوا ۔پیپلز پارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم نے اپنا کیس وزارت داخلہ میں جمع کرا دیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ خود مختار ریاست ہے، ہم تو وزارت کا کنڈکٹ دیکھ رہے تھے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے یہ بھی کہا کہ سماعتوں کی تو ضرورت ہی نہیں، قانون کو اپنا راستہ خود بنانا چاہیے۔