اسلام آباد کے ایچ نائن اتوار بازار میں آتشزدگی، دکانیں، سٹالز جل کر راکھ

اسلام آباد کے ایچ نائن اتوار بازار میں آگ بھڑک اٹھی، دکانیں اور سٹالز جل کر راکھ ہو گئے ،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نوٹس لے لیا ۔وفاقی دارالحکومت کے ایچ نائن کے سستے بازار میں خوفناک آگ لگ گئی، آگ کے شعلوں نے متعدد سٹالز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اسلام آباد کے ایچ نائن میں بچت بازار میں لگی آگ کوبجھانے کیلئے ریسکیو 1122 کے اہلکار، فائربریگیڈ کی گاڑیاں اور سی ڈی اے کا عملہ مصروف رہا، اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن موقع پر پہنچ گئیں جبکہ سامان کو آگ سے بچانے کیلئے متعدد سٹالز خالی بھی کر دیئے گئے، آگ لگنے سے دکانیں اور سٹالز جل کر خاکستر ہو گئے ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد رانا وقاص نے کہا ہے کہ اتوار بازار میں لگنے والی آگ کی شدت زیادہ تھی ، سی ڈی اے اور ریسکیو ادارے آگ بجھانے میں مصروف رہے لیکن آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے پاکستان نیوی، ایئرفورس، دیگر اداروں سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوالیں۔انہوں نے کہا کہ آگ جوتوں اور کپڑوں کے سیکشن میں لگی، جس نے مزید دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے اتوار بازار میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے رابطہ کیا ،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پرچیئرمین سی ڈی اے موقع پر پہنچ گئے۔وفاقی وزیرداخلہ نے آتشزدگی پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں کی تعداد بڑھائی جائے اور اضافی وسائل لگا کر آتشزدگی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ پر 100 فیصد قابو پایا جا چکا ہے، 500 دکانوں کا نقصان پہنچا ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ آگ 11 بج کر 7 منٹ پرلگی، موقع پر موجود فائو بریگیڈ نے فوری کام کا آغاز کر دیا، بارش کی وجہ سے ہماری ٹیم پہلے سے ہی فیلڈ میں موجود تھی، 31 فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، واٹر بائوزرز بھی امدادی کارروائیوں میں شامل رہے۔چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ آئی جی پولیس کو کہہ کر علاقے کو سیل کروا دیا تاکہ آگ دوبارہ نہ بھڑک اٹھے، جس جس کا نقصان ہوا اس کا ازالہ کیا جائے گا، وزیراعظم کی ہدایت ہے جس کا بھی نقصان ہے اس کو ادائیگی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بازار میں آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ کرنے کے لئے ڈی سی اور پولیس حکام کی مشترکہ کمیٹی بنائیں گے، 7 دن میں کمیٹی رپورٹ دے گی، جب کہ آگ لگنے کے واقعات کو کیسے روکا جائے اس پر اقدامات کریں گے، کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی کمشنر خود کرے گا جس میں ٹیکنیکل لوگ شامل کئے جائیں گے۔