سپریم کورٹ کو تباہ کردیا گیا توعلی بابا چالیس چورخونیں پنجوں سے ملک پر قابض ہوجائیں گے۔ وزیراعلٰی پنجاب شہبازشریف
لاہورمیں شہید سرفرازنعیمی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ چونسٹھ سال میں ہرحکومت نے پاکستان بنانے کے مقصد کودھندلایا مگران چاربرسوں میں انتہا کردی گئی آج ملک میں اندھیرے اورکرپشن اغیار کے نہیں بلکہ ہمارے اپنے پیدا کردہ ہیں ۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈرون حملےبھی دہشت گردی ہیں اغیار کی وہ امداد جس سے عزت ووقارمیں کمی آئے اس سے پنجاب نے توبہ کرلی وفاق نے ایسا کیوں نہیں کیا،انہوں نے کہا کہ شکاگو جانے والے سے باراک اوبامہ نے ملاقات کرنا بھی گوارانہیں کیا، شہبازشریف نے کہا کہ مینار پاکستان کیمپ آفس پرتنقید کرنے والے وہاں آکرکرتب دکھائیں وہ ڈگڈی پکڑ کر ان کا تماشہ دیکھیں گے ۔ان کا کہنا تھاکہ چیف جسٹس انصاف کے حوالے سے آخری امید ہیں اگر اس ادارے کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو علی بابا چالیس چورملک پر قابض ہوجائیں گے سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا ہر ایک کا فرض ہے شہبازشریف کا کہنا تھاکہ اتحاد بین المسلمین کو ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاہم علما دہشت گردی کی آگ بجھانے کیلئے کوششیں کریں۔اس موقع پر انہوں نے مفتی سرفراز نعیمی شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز نعیمی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر وہ شرمندہ ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے دینی مدارس کے ہونہارطلبہ کو بھی گارڈ آف آنر اور لیپ ٹاپ دینے کے عمل میں شامل کرنے کا اعلان کیا