سیاچن کے گیاری سیکٹر میں برفانی تودے سے آج مزید تین جوانوں کی میتیں نکال لی گئیں، اب تک نکالی جانے والی میتوں کی تعداد تیرہ ہو گئی ہے۔

سیاچن کے گیاری سیکٹر میں ریسکیو اہلکار دن رات سرچ آٓپریشن میں مصروف ہیں۔ تلاش کے دوران مزید تین جوانوں کے جسد خاکی برآمد ہوئے ہیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ اب تک گیاری سیکٹر سے تیرہ جسد خاکی نکالے جاچکے ہیں تاہم ایک سو چھبیس شہداء ابھی بھی برف تلے دبے ہوئے ہیں۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ آخری جوان کے جسد خاکی مل جانے تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ واضح رہے کہ سات اپریل کو سیاچن کے گیاری سیکٹر میں برفانی تودہ گر جانے کے باعث بیس پر موجود ایک سو انتالیس سویلین اور فوجی حکام ملبے تلے دب گئے تھے جنہیں نکالنے کیلئے سینکڑوں ریسکیو اہلکار اور بھاری مشینری دو ماہ سے دن رات کھدائی اور سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔