حکومت جسٹس قاضی فائز عیسی کو نہیں ہٹا سکتی، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ

چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کو حکومت نہیں ہٹا سکتی، یہ معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل کا ہے۔برطانیہ میں کیمبرج یونیورسٹی میں طلبا ء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائر عیسی کو ہٹانے کا معاملہ حکومت کا نہیں جوڈیشل کونسل کا ہے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ جسٹس فائز عیسی سے لندن میں جائیدادوں پر منی ٹریل طلب کریں گے؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی عدالتوں کا مسئلہ ہے اس پر یہاں کچھ نہیں کہہ سکتا، اپنے ججز پر اعتماد کریں وہ انصاف کریں گے۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں عدالتوں میں اصلاحات لارہے ہیں جبکہ انصاف یقینی بنانا میری اولین ذمہ داری ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان میں انصاف کی فراہمی کی بہتری کے لئے ماڈل کورٹس کا قیام خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں برطانیہ کے برعکس عدلیہ میں ویٹو پاور کا رواج نہیں، ہم کم وسائل کے باوجود انصاف کی فراہمی کے لیے سخت جدوجہد کررہے ہیں۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی کے لیے ہمارا معاشرہ جدوجہد کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ کیمرج یونین کے مستقل رکن ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے طلبا کو پاکستان میں قانون سازی اور امن و امان کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔