بھارت: حریف سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی، 4 افراد ہلاک، اٹھارہ زخمی

فائرنگ کا واقعہ مغربی بنگال کے علاقے سندیشخالی میں پیش آیا، بی جے پی کے تین کارکنوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔ بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں 2 حریف سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 3 اور مقامی سیاسی جماعت ترنمول کانگریس پارٹی کا ایک رکن ہلاک ہوگیا۔ پولیس اور مقامی سیاستدانوں کا کہنا تھا کہ واقعہ میں کم سے کم 18 افراد زخمی بھی ہوئے۔ خیال رہے کہ گذشتہ سال اسی ریاست میں پارلیمانی نشست پر کامیابی کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جی پی) نے جارحیانہ مہم کا آغاز کیا تھا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مقامی جماعت کے کارکنوں کی فائرنگ سے بی جے پی کے 3 کارکن ہلاک ہوئے۔ بی جے پی کے مقامی رہنما موکول روئے نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے 3 کارکنوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ مغربی بنگال کے علاقے سندیشخالی میں پیش آیا۔