جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے:وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ملتان میں ایک عیدملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کرتی ہے اور بے گناہ کشمیریوں پر قابض بھارتی فوج کی جانب سے جاری وحشیانہ مظالم کی مذمت کر رہی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں کا جال بچھانے کے لئے ہر عالمی فورم کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی بلیک لسٹ میں شامل کرانے کی بھی سازش کر رہا ہے تاہم اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا کیونکہ وہ مؤثر انداز میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ چند روز کے دوران روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے بھی اس معاملے پر بات چیت کریں گے۔رواں سال فروری میں بھارتی جارحیت سے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور وہ دوبارہ وطن عزیز پر میلی نگاہ ڈالنے کی جرات نہیں کرے گا۔