محسن داوڑ اور علی وزیر کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر
شمالی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اورجنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی ۔پیر کو سابق چیئرمین ڈیموکریٹ پارٹی آف پاکستان فتح یاب خالد کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ دونوں ایم این ایز ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں انہیں نااہل قرار دیا جائے۔درخواست گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ محسن داوڑ اور علی وزیر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔محسن داوڑ اور علی وزیر کو آرٹیکل 62، 63 کی بنیاد پر نااہل قرار دیکر قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت سے فوری روکا جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ علی وزیر اور محسن داوڑ کی سیاسی سرگرمیوں پر بھی پابندی لگائی جائے۔وکیل حافظ محمد سفیان کی وساطت سے الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی درخواست میں محسن داوڑ اور علی وزیر کو فریق بنایا گیا۔محسن داوڑ شمالی وزیرستان کے حلقہ این اے 48 جبکہ علی وزیر جنوبی وزیرستان کے حلقہ این اے 50 سے آزاد حیثیت میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے.