پاکستان پوسٹ کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا،قومی اسمبلی کو یقین دہانی
پارلیمانی امور کے مشیر بابر اعوان نے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈی نینس2020 ایوان میں پیش کیا۔ پارلیمانی امور کے مشیر نے چار بل بھی پیش کئے۔ ان بلوں میں میری ٹائم ایجنسی ترمیمی بل، نیشنل کالج آف آرٹس انسٹیٹیوٹ بل، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ترمیمی بل اور بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کی ریگولیشن کا ترمیمی بل شامل ہیں۔ قومی اسمبلی کو آج (بدھ) بتایا گیا کہ موجودہ دور حکومت میں پاکستان پوسٹ کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے آج قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے پہلے سال میں آمدن میں 70 فیصد اور دوسرے سال میں 110 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ گزشتہ حکومتوں نےپاکستان سٹیل ملز ، پاکستان انٹرنیشنل ائر لائن اور ریلوے سمیت تمام سرکاری اداروں کو خسارے میں چھوڑا، انہوں نے کہا کہ ہم ان اداروں کی تنظیم نو کررہے ہیں جس کا فائدہ عوام کو ہوگا۔ کوروناوائرس سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبوں کو ذاتی تحفظ کے آلات، ماسک اور وینٹی لیٹرز فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بحران کے وقت اپنے صحت کے نظام کو مضبوط بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل کی اس گھڑی میں معاشرے کے مختلف طبقوں کی مدد کےلئے بارہ سو ارب روپے کا بڑا پیکیج بھی دیا ہے۔