دسویں پیشی پر بھی نتیجہ صفر ہے ،نیب کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا۔ سلیم مانڈوی والا
سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ دسویں پیشی پر بھی نتیجہ صفر ہے ،نیب کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا ۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کڈنی ہل ریفرنس میں تاریخ دی گئی ، کچھ افراد عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، نیب کی کارروائی لوگوں کو عدالت میں بلاکر خراب کرنا ہے، نیب صرف پلی بارگین کے لئے ہے، کچھ ثابت نہیں کر سکا، دسویں پیشی ہے ہم عدالت آ رہے ہیں لیکن نتیجہ صفر ہے، نیب کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں صرف اپنے کیس کی بات نہیں کر رہا، لوگوں کو بلاکر ہراساں کیا گیا، نیب سے متعلق تمام شکایات پارلیمان میں اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب بتائیں کہ وہ کس کے دبائو میں ہیں، چیئرمین نیب پارلیمان آکر آگاہ کریں ، وہ شاید پارلیمنٹ آنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان نے جو کیا وہ پہلے بھی ایسا کرتی رہی ہیں، شاہد خاقان عباسی نے بھی پارلیمنٹ میں جو کیا تھا ان سے امید نہیں تھی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور (ن) لیگ کا اگر پیپلز پارٹی سے لو افیئر تھا تو ان کا تھا ہمارا نہیں، پیپلزپارٹی کے ساتھ لو افیئر انہوں نے ہی شروع کیا تھا ہم نے نہیں کیا تھا۔