فلم کیلئے صنعت کا درجہ بحال: فنکاروں کیلئے میڈیکل انشورنس، فلمسازوں کیلئے ٹیکس میں چھوٹ, مراعات کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فلم کے لیے صنعت کا درجہ بحال کر دیا ہے اور ایک ارب سالانہ کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے کیا. پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ فنکاروں کیلئے میڈیکل انشورنس پالیسی شروع کی جا رہی ہے، فلم سازوں کیلئے پانچ سال تک ٹیکس کی چھوٹ دی جا رہی ہے، 10 سال کیلئے فلم اور ڈرامے کے ایکسپورٹ پر ٹیکس ربیٹ دیا جائے گا، سینما اورپروڈیوسر کی آمدن کو انکم ٹیکس سے استثنیٰ دیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ تقریر میں اعلان کیا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے نیشنل فلم انسٹیٹوٹ قائم کیا جا رہا ہے، پوسٹ فلم پروڈکشن فسیلٹی اور نیشنل فلم اسٹوڈیو کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، غیر ملکی فلم سازوں کو مقامی سطح پر فلم اور ڈرامہ کے منصوبوں پر ری بیٹ دے رہے ہیں۔