بجٹ میں 440 ارب روپے کے نئے ٹیکسز عائد: سگریٹس پر ٹیکسز عائد

اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عاصم احمد نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر وفاقی بجٹ میں 440 ارب روپے کے نئے ٹیکسز عائد کئے گئے ہیں جب کہ مقامی طور پر تیار سگریٹس پر ایف ای ڈی عائد کرنے کی تجویز ہے جس سے 10 ارب روپے سالانہ کا ریونیو حاصل ہو گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی بجٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ والے کو ٹیکس چھوٹ ہوگی جب کہ 6 سے 12 لاکھ روپے تک انکم والوں پر 100 روپے کا ٹیکس پروسیسنگ فیس ہے، غیر ضروری ود ہولڈنگ ٹیکسز کو ختم کیا گیا ہے اور آڈٹ4 سال میں ایک دفعہ ہوگا۔چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے کہا کہ بہبود سرٹیفکیٹ پر ٹیکس کی شرح 10 سے کم کرکے 5 فیصد کرنے کی تجویز ہے، آئی ٹی برآمدات پر ٹیکس 1 سے کم کر کے 0.25 فیصد کرنے کی تجویز ہے، اوپن پلاٹس جس میں سرمایہ کاری ہوئی، ایف بی آر ویلیو کے مطابق ایک فیصد ہے، ایک پلاٹ پر ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔