ہتکِ عزت بل آئین کی 18 ویں ترمیم کی وجہ سے پاس ہوا۔گورنر پنجاب سلیم حیدر
گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ہتکِ عزت بل کو قانون بننا ہی تھا۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ہتکِ عزت بل آئین کی 18 ویں ترمیم کی وجہ سے پاس ہوا۔ گورنر پنجاب سلیم حیدر کا مزید کہنا ہے کہ قوانین میں رد و بدل کی گنجائش موجود رہتی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وطن واپسی پر ایک بار پھر افہام و تفہیم کی کوشش کروں گا۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والا ہتکِ عزت بل قانون بن گیا، قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے بل پر دستخط کیے تھے۔ گزشتہ دنوں صحافتی تنظیموں کے تحفظات اور اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود پنجاب اسمبلی میں ہتکِ عزت بل 2024 منظور کر لیا گیا تھا۔