کراچی کا موسم پھر تبدیل، سمندری ہوائیں بحال، موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں اور ان کی رفتار 20 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 75 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جس کے باعث درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زائد محسوس کیا جا رہا ہے۔ آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ماہرین موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خود کو گرمی سے محفوظ رکھیں۔