ممبئی جانیوالے کارگو جہاز میں دھماکے، 40 کنٹینرز سمندر میں جاگرے

ممبئی کی جانب جانے والے کارگو جہاز پر کئی دھماکے ہوئے، جس کے بعدجہاز پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 40 کنٹینرز بحیرہ عرب میں گر گئے ۔22 عملے کے ارکان میں سے 18ارکان شعلوں سے بچنے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگادی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کی آفات سے نمٹنے کی اتھارٹی کے سیکریٹری شیکھر کوریاکوز نے بتایا کہ سنگاپور کے جھنڈے والے WAN HAI 503 نامی جہاز کو کیرالہ کے ساحل سے تقریبا 144 کلومیٹر کے فاصلے پر حادثہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز پر 22 ارکان موجود تھے، 18 سمندر میں کود گئے اور اب ریسکیو کشتیوں میں موجود ہیں، ان کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں، فی الحال جہاز ڈوب نہیں رہا۔بھارتی کوسٹ گارڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز سے گہرے سیاہ دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں، اور کچھ کنٹینرز کھلے ہوئے اور بکھرے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔وزارتِ دفاع کے پبلک ریلیشنز افسر نے ایکس پر بتایا کہ فی الحال جہاز میں آگ لگی ہوئی ہے اور یہ سمندر میں تیر رہا ہے، حکام نے کنٹینرز میں موجود سامان کی نوعیت یا دھماکوں کی وجہ ظاہر نہیں کی۔گزشتہ ماہ کیرالہ کے ساحل کے قریب ایک اور حادثے میں ایک کنٹینر جہاز ڈوب گیا تھا، جس کے نتیجے میں 100 کارگو کنٹینرز بحیرہ عرب میں جا گرے تھے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف شپنگ نے بتایا کہ اس حادثے کی وجہ سے تیل کی آلودگی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔