سانحہ کوہستان میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے جبکہ گلگت میں دہشتگردوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ رحمان ملک
گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نےسانحہ کوہستان میں ملوث افراد کی نشاندہی کردی ہے جس کے مطابق واقعہ میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کے لئے فورسز کے ساتھ ساتھ جرگہ بھی بحال کیاجائے گا اوراس واقعے میں ملوث افراد کی فہرستیں مقامی جرگہ کو دی جائیں گی جبکہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ مہدی شاہ سےبھی مکمل رابطہ ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایس پی کوہستان کا تبادلہ کردیا گیا ہے جبکہ گلگت بلتستان اسکاؤٹ مطلوب علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کریں گے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ گلگت میں امن کے لئے دہشتگردوں کے خلاف بڑاآپریشن کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جبکہ جانب شاہراہ قراقرم کو محفوظ بنانے کے لئے خصوصی اقدامات اور گلگت سے اسلام آباد پی آئی اے کی فلائٹس میں اضافہ کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔