کراچی میں دوبارہ ٹارگٹ کلنگ کی سازش ہوسکتی ہے،منظور وسان ۔ شہر میں بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر پھر سرگرم ہوگئے ہیں۔ فارق ستار
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ رینجرز کو اختیارات دینے کے بعد شہر میں امن امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے تاہم سٹریٹ کرائمز اب بھی بڑا چیلنج ہیں جن میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ سندھ نے خبردار کیا کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ دوبارہ شروع کرانے کی سازش ہوسکتی ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار نے کہا کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصراور بھتہ مافیا دوبارہ سرگرم ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے کاروبار اور تجارت تباہ ہورہی ہے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بھتہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا مطالبہ کیا۔ فاروق ستار نے جرائم کے خاتمے کے لیے عوامی تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں۔