نہتے شہریوں پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے: اسد قیصر
میرپور آزاد کشمیر میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر بھارت نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا مقصد پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنا تھا، ہم مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انھوں نے پاکستان کے واضح اور منصفانہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا ایشو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، آپ کسی کو زبردستی اپنا غلام بنا کر اس کے حقوق نہیں چھین سکتے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بہتر ہے کشمیری عوام کی رائے کے مطابق استصواب رائے کرایا جائے، بھارت جس گیم کا حصہ بن رہا ہے وہ دونوں ممالک کے فائدے میں نہیں۔