وزیرا عظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کا دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
وزیر اعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جو ان کے اہم علاقائی ممالک اور انکی قیادت کو خطے کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے کیے جانے والے رابطوں کا حصہ تھی۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے حالیہ دہشتگرد حملے میں ستائیس ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ہلاک ہونے پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دونوں ملکوں کے خفیہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران ہمسایہ برادر ملک ہیں جو قریبی تاریخی ثقافتی اور عوامی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور اس اہم خطے میں امن و استحکام اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں انکا کردار مرکزی اہمیت کا حامل رہے گا۔