مودی نے کلچر،فلم،کھیل کو بھی جنگ میں جھونک دیا: فوادچودھری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کلچر،فلم،کھیل سمیت معاشرے کے ہر طبقے کو جنگ میں جھونک دیا، دسمبر سے دنیا کو آگاہ کررہے تھے کہ بھارت انتخابات سے قبل کوئی بڑا قدم اٹھائے گا جو وہ الیکشن میں استعمال کریگا ، پلوامہ کے بعد ایک جھوٹی ویڈیو کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزامات لگائے گئے جو اس کے منہ پر لگے ۔سوشل ویلفیئر کمپلیکس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاپاکستان کے امن بیانیہ کو مغرب سمیت مسلم ممالک اور دیگر نے بھی بھرپور سراہا جو حکومت،سیاسی جماعتوں،پارلیمان اور قوم کی فتح ہے ، اب پاکستانی سفیر نئی دہلی پہنچ چکے ہیں جبکہ بھارت کے سفیر پاکستان آگئے ہیں،ایئرپورٹ کھل گئے اور معاملہ کی شدت میں کمی آ چکی ہے ،بھارتی کرکٹ ٹیم کا میچ کے دوران آرمی کیپ پہننے کا معاملہ آئی سی سی میں اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ اگر بھارتی ٹیم ایسا کرسکتی ہے تو پاکستانی ٹیم بھی مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم کو اجاگر کرسکتی ہے ،آئی سی سی اگر غزہ کے حق میں ریسٹ بینڈ پہننے پر انگلینڈ کی ٹیم کے کھلاڑی معین علی پر پابندی لگا سکتی ہے تو وہ فوری طور پر بھارت کی ٹیم پر بھی اگلے میچ کھیلنے پر پابندی لگائے ،اگر وہ ایسا نہیں کرتی تو پھر قانون کی عملداری برابر نہیں ہو گی،کھیل اور سیاست کو اکٹھا نہ کیا جائے ۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا وزیر اعظم کی طرف سے واضح ہدایات ہیں کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولتیں ملنی چاہئیں جس کی روشنی میں پنجاب حکومت نے انہیں ہر ممکن سہولتوں کی پیشکش کی