گھس کر مارنے کی دھمکی دینے والوں کو پاکستان نے سبق سکھادیا، احتساب ہوگا، مسلم لیگ ن نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہی ہے:فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ گھس کر مارنے کی دھمکی دینے والوں کو پاکستان نے سبق سکھادیا۔
جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے گھس کر مارنے کی بڑھکیں مارنے والےنریندر مودی کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کہتے تھے گھس کر ماریں گے ، گھس کر دیکھ لیا ناں ! پھر کیا بنا ؟ ہم نے انہیں سبق سکھا دیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی امن پسندانہ پالیسی نےجنگ کو ٹال دیا اور یہی وجہ ہے کہ امریکی میڈیا کہتا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کو نوبل کا انعام دینا چاہیے کیونکہ انہوں نے دنیا کو اتنی بڑی جنگ سے بچایا ہے، اگر عمران خان کو عزت ملتی ہے تو پاکستان کو عزت ملتی ہے مگر جو لوگ اسمبلی میں عمران خان کا مذاق اڑاتے ہیں ان کے نزدیک فوج کا بھی کوئی احترام نہیں ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ پہلے قوم نے عمران خان کو ووٹ سے عزت دی، آج پاکستانیوں کو دنیا بھر میں عمران خان کی وجہ سے عزت مل رہی ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر شروع کیا ہے، پاکستان کو ترقی کی منزل تک لے کر جائیں گے۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ آج خلیجی ریاستوں سمیت دنیا عمران خان کو عزت و احترام دے رہی ہے، عمران خان کو ملنے والی عزت دراصل پاکستان اور پاکستانی قوم کی عزت ہے، پوری قوم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔ اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئےفواد چودھری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس عوامی ایشوز نہیں نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہی ہے۔ نواز شریف سے کہہ رہے ہیں کہ وہ بیرون ملک سے اپنے ڈاکٹر بلا لیں، یہ کیسی بات ہے کہ کسی ڈاکٹر کے پاس نہیں جانا بلکہ لندن جانا ہے۔ سیاست احتساب اور صحت پر نہیں ہونی چاہیے لیکن عوام صحت کے معاملے پر سیاست کی اجازت نہیں دیں گے۔ عوام نے ہمیں احتساب کے لیے ووٹ دیا ہے، ہم ان کو ریلیف نہیں دے سکتے، احتساب ہوگا۔